دیپالپور (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید کی زیر صدارت نمبردار کنونشن منعقد ہوا، جس میں ریونیو فیلڈ اسٹاف اور مختلف یونین کونسلوں کے دیہات کے نمبرداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی "زیادہ گندم اگاؤ” مہم کسانوں کے لیے ایک انتہائی مفید اقدام ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو فصلوں کے بہتر نرخ ملیں گے اور غذائی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو گا۔
انہوں نے زور دیا کہ سرکاری رقبوں پر بھی زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کی جائے تاکہ ملک میں غذائی خودکفالت کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔ فیصل ولید نے مزید کہا کہ کاشتکار فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کریں اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق انہیں تلف کریں، کیونکہ اس عمل سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسدادِ سموگ مہم کے تحت تحصیل انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، اور ایسے افراد کو بھاری جرمانوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نمبردار کنونشن میں شریک شرکاء نے اسسٹنٹ کمشنر کو حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی اور انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا۔