سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کمشنر نے او پی ڈی، ٹراما سینٹر، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج و معالجے کی سہولیات، دواؤں کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر سید نوید حیدر شیرازی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں بروقت و معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں صحت عامہ کے نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ہسپتالوں میں بہتر سہولیات اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ نے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 500 بستروں پر مشتمل مجوزہ نئے ہسپتال کی اراضی کا بھی معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 کا حصہ ہے، جس کا پی سی ون تکمیل کے مراحل میں ہے اور اس کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 7 ارب روپے لگایا گیا ہے۔