اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں محکمہ لائیو اسٹاک نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مردہ جانور کا گوشت کھانے سے بچا لیا۔ کارروائی کے دوران 8 من وزنی مردہ گائے بند گاڑی میں لے جاتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تھانہ گوگیرہ کی حدود سے عبیداللہ نواز نامی شخص ایک مردہ گائے کو بند گاڑی میں اوکاڑہ شہر لے جا رہا تھا تاکہ اس کا گوشت فروخت کیا جا سکے۔ اطلاع ملنے پر محکمہ لائیو اسٹاک نے مجسٹریٹ ڈاکٹر وقار یونس کی قیادت میں کارروائی کی اور موقع پر پہنچ کر مردہ گائے سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مردہ جانور کا گوشت بنا کر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ پولیس نے ملزم عبیداللہ کے خلاف تھانہ گوگیرہ میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا، جبکہ مردہ جانور اور مضر صحت گوشت کو تلف کر دیا گیا۔

محکمہ لائیو اسٹاک کی بروقت کارروائی سے شہری حرام اور مضر صحت گوشت کھانے سے محفوظ رہے۔ شہریوں نے اس اقدام پر محکمہ لائیو اسٹاک اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

Shares: