گھوٹکی (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)سندھ حکومت نے صوبے بھر میں شوگر کرشنگ سیزن 2025-26 کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کین کمشنر سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں موجود 33 شوگر ملوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم نومبر سے کرشنگ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کریں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد سندھ میں گنے کی فصل بہترین حالت میں ہے اور کٹائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ وزارتِ فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اسلام آباد اور پی ایس ایم اے (سندھ زون) کے نمائندوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق موجودہ سیزن کی کرشنگ یکم نومبر 2025 سے شروع کی جائے گی۔
کین کمشنر سندھ نے تمام ملوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بوائلرز کو بروقت گرم کریں اور مقررہ تاریخ سے کرشنگ یقینی بنائیں۔ تاہم گنے کے نرخ کے تعین کے حوالے سے سندھ حکومت کی خاموشی تاحال برقرار ہے، جس پر کاشتکار حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔