جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد جانے کی تیاری کی ہدایت کردی۔کہتے ہیں پارلیمنٹ پاکستانی عوام کی خواہشات کی نمائندگی کا حق کھو بیٹھی ہے ،اس لئے عوام اپنے مستقبل کا تعین خود سڑکوں پر کریں گے ۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے بیساکھی گرائونڈ میں منعقدہ مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا پارلیمنٹ عوام کے حق حاکمیت کا دفاع کرنے میں بری ناکام رہی ، اس لئے فیصلے اب میدان میں ہوں گے اور ہم عوام کے شانہ بشانہ آئین و قانون کی حکمرانی اور قوم کے حق حاکمیت کی جنگ لڑیں گے تاکہ پارلیمنٹ کی کھوئی ہوئی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی ممکن بنا یہ جا سکے سی پیک روٹ آپ کے لیے ہے، اسلام آباد جانےکی تیاری کریں، ہم نے جمہوریت کی سیاست کرنی ہے، ہماری سیاست گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست نہیں ہوگی،پارلیمنٹ کی اہمیت اب ختم ہو چکی ہے، ہم عوام کی جمہوریت کےقائل ہیں، 2024کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، چوری کامینڈیٹ قبول نہیں، 2018 میں بھی مینڈیٹ چوری ہوا، اُس الیکشن کو کبھی نہیں مانا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان تاریخی طور پر سیاسی تبدیلیوں کا مرکز رہا ہے ،اس لئے مجھے یقین ہے کہ1970 کی طرح اب ایک بار پھر یہاں سے صحت مند تبدیلی کی نئی لہر اٹھے گی ۔ اسلام آباد زیادہ دیر تک نااہل حکمرانوں کے قبضے میں نہیں رہے گا ، عوام بلآخر اپنا اختیار واپس لینے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے ۔اسرائیل کو کوئی تسلیم نہیں کر سکتا، تاریخ گواہ ہے صیہونی ایسی ملعون قوم ہے جس نے ہر زمانے میں عہد و پیمان توڑے اور انسانیت کے خلاف جرم کرتے رہے اور آج بھی انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے میں شرم محسوس نہیں کرتی ۔ دنیا کو تہذیب اور امن کا بھاشن دینے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو جنگی مشین اور ہتھیار فراہم کئے جس کے ذریعے ہزاروں معصوم فلسطینی مار دیئے گئے ،غزہ کے نہتے شہریوں کی نسل کشی کے لیے امریکہ اور یوروپ نے عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن کو روند ڈالا ، خدشہ ہے کہ اسرائیل اور مغربی طاقتیں ضمیر پہ کوئی بوجھ لئے بغیر پچھلے معاہدوں کی طرح اس تازہ معاہدہ کو بھی توڑ ڈالیں گے۔
افغانستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی طرف جانا چاہئے، اب یہاں پراکسی جنگیں ختم ہونی چاہئیں تاکہ خطے میں امن اور ترقی کی راہیں کھل سکیں اختتامی کلمات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت اپنے نصب العین پہ سمجھوتہ نہیں کرے گی بلاشبہ پاکستان کا مستقبل اسلام اور عوام کی مرضی سے وابستہ ہے ۔








