افغان طالبان اور فتنۂ الخوارج کا گٹھ جوڑ بے نقاب، کم عمر افغان نوجوانوں کی مذہبی ذہنسازی کر کے افواج پاکستان کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں پر اکسایا جا رہا ہے
جنوبی وزیرستان میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان خودکش بمبار کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار دہشتگرد نے ہوشربا انکشافات میں بتایا کہ اسے قندھار کے ایک مدرسے میں مذہب کے نام پر گمراہ کر کے افواج پاکستان کے خلاف اکسایا گیا اور افغان شہر خوست میں خودکش حملوں کی تربیت دی گئی۔
اس کے مطابق افغانستان میں طالبان کی سرپرستی میں ایسے مراکز اور مدارس قائم ہیں جہاں نو عمر افغان نوجوانوں کو اسلام کے نام پر گمراہ کر کے پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں کے لئے بھیجا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی پاکستان دشمنی اب اُسے بھاری پڑ رہی ہے، کیونکہ پاکستان نے فیصلہ کن کارروائیوں میں فتنۂ خوارج کے افغانستان میں درجنوں تربیتی مراکز اور ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔پاکستان کے خلاف ہونے والی فتنہ خوارج کی ہر سازش کے پیچھے افغان حکومت کا براہِ راست ہاتھ صاف دکھائی دے رہا ہے، جسے مزید نظرانداز کرنا خطے کے امن و استحکام کے لیے تباہ کن ہوگا۔