بھارت کی معروف فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے عملے کو اُس وقت خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب آدھی رات کے بعد ایک گروہ نے ہوٹل میں اُن کے قیام گاہ پر دھاوا بول دیا۔ یہ واقعہ سیکٹر 42 میں واقع اس ہوٹل میں پیش آیا جہاں کمپنی کا عملہ تربیتی پروگرام کے دوران ٹھہرا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ تقریباً رات 2 بجے پیش آیا جب ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے ہوٹل میں زبردستی داخل ہو کر ایئر انڈیا کے عملے کو ایک کونے میں بٹھا دیا اور اُن کے تمام قیمتی سامان اور نقدی لوٹ لی۔عینی شاہدین اور پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہوٹل کی بالکونی اور کمروں میں بیگ، کپڑے اور دیگر سامان بکھرا ہوا ملا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واردات تیزی اور منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی۔
ایئر انڈیا نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ "ہم اپنے عملے کے ساتھ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ عملے کی حفاظت ایئر انڈیا کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے متاثرہ ساتھیوں کو فوری طور پر گڑگاؤں کے ایک دوسرے ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کمپنی اُنہیں تمام ممکنہ مدد فراہم کر رہی ہے۔” کمپنی پولیس سے قریبی رابطے میں ہے اور اس معاملے کو مکمل قانونی کارروائی کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ایئر انڈیا کے مطابق "عملے کے سفر اور رہائش سے متعلق انتظامات انتہائی سخت حفاظتی پالیسیوں کے تحت کیے جاتے ہیں، اور اُن پالیسیوں کا باقاعدگی سے جائزہ بھی لیا جاتا ہے تاکہ عملے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔”
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ ڈاکوؤں کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق، واردات کے وقت ہوٹل میں موجود عملے کے ارکان شدید خوفزدہ ہو گئے تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے واردات کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔