بہاولنگر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے اے کیٹگری کے خطرناک اشتہاری ملزم طاہر عرف طاری کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق طاہر عرف طاری نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر آفیسر کالونی کے قریب گن پوائنٹ پر تاجر سے نقدی اور قیمتی سامان چھین لیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس تھانہ سٹی اے ڈویژن نے جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل کوششوں کے بعد سات ماہ کی محنت سے واردات کو ٹریس کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ایسے تمام اشتہاری مجرموں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔