قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)ڈپٹی کمشنر عمران علی کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس غضنفر نوید کی زیر نگرانی پٹرولیم مصنوعات کے ناپ تول میں ہیراپھیری کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیرا فورس ٹیم نے مین دیپالپور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے۔ دورانِ چیکنگ متعدد پٹرول پمپس پر ناپ تول کے پیمانوں میں کمی بیشی اور پیمائش میں دھوکہ دہی پکڑی گئی۔ موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دو لاکھ دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر غضنفر نوید نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول پمپس کے پیمانوں میں ہیراپھیری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو ان کے پیسوں کے عوض درست مقدار میں ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقدار میں کمی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ کسی بھی خلاف ورزی پر پٹرول پمپس کو سیل کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

پیرا فورس کی کارروائیوں سے عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ ناپ تول میں فراڈ کرنے والے مافیا کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

Shares: