ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین الیکٹرک بس منصوبے کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان میں 80 جدید بس اسٹاپ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کے ٹینڈرز جلد جاری ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے سخی سرور میں الیکٹرک بس میں سفر کے دوران اہلِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ خوشخبری سنائی۔ وہ کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان کے ہمراہ سخی سرور کے دورے پر تھے جہاں سابق چیئرمین سخی سرور چیف کھلنگ حاجی ملک ارشاد حسین، منتخب نمائندگان اور مقامی عمائدین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور کمانڈنٹ بی ایم پی نے گرین الیکٹرک بس اسٹینڈ کا معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے ساتھ بس میں سفر کیا اور ایک معمر قبائلی خاتون کو منزل پر پہنچنے پر اپنے اسکواڈ کے ہمراہ احتراماً بس سے اتارا۔ بزرگ خاتون نے محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست مفت سفری سہولت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کا سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے، خاص طور پر کوہ سلیمان کے پسماندہ علاقوں کی خواتین کو براہِ راست فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیرِ تعمیر بس اسٹاپس میں سایہ دار نشستیں، روشنی اور دیگر معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو عوام دوست اور انقلابی قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔