پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سانحۂ کارساز آج بھی ہمارے ذہنوں میں زخم کی مانند تازہ ہے۔ 18 سال گزر چکے مگر 177 سے زائد جیالوں کی قربانیاں ہمیں ہر دن جمہوریت کے دفاع کی یاد دلاتی ہیں۔
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ یہ حملہ بہ طورِ منصوبہ آمریت اور دہشت گردی کی ملی بھگت تھا، مگر قاتلوں کا مقصد ناکام ہوا اور ملک میں شہداء کے خون سے جمہوریت کا سورج پروان چڑھا۔ آئیں آج عہد کریں کہ ہم شہدائے کارساز کی دی ہوئی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور امن و جمہوریت کے لیے ہر محاذ پر لڑتے رہیں گے-
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے موقع پر ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دعائیہ تقاریب کے انعقاد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر ضلع میں ہونے والی ان تقاریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان، ہمدرد، تنظیمی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور منتخب نمائندے اپنے اپنے اضلاع میں شریک ہوں۔واضح رہے کہ 18 اکتوبر ہفتے کو بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہوگا، اجلاس کی کارروائی کا آغاز شام چار بجے سے ہوگا۔