گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ 2025 میرے دستخط کا منتظر ہے اور میں بلدیاتی ایکٹ کو سمجھنے کا منتظر ہوں۔
مری بار ایسوسی ایشن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا سیکرٹری بلدیات پیر کو بریفنگ دیں گے پھر بلدیاتی ایکٹ 2025 پر فیصلہ کریں گے، میں اس ملک کا رہائشی ہوں، بیرون ممالک جائیدادیں بھی نہیں، نہ کہیں شفٹ ہونا ہے، احتجاجی مظاہروں سے ملکی ترقی کا راستہ نہ روکا جائے ، جذبات میں آکر اپنے ہاتھوں سے اپنے ملک کا نقصان نہ کریں، مری میں تجاوزات آپریشن کیلئے مقامی لوگوں کے گلے شکوے دور کرنےکی ضرورت ہے، سڑکیں بند کرنے، دکانیں جلانے اور عوام کی مال وجان کو نقصان پہنچانے کےخلاف سخت قانون سازی ہونی چاہیے،پیپلز پارٹی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی،چیزیں کچھ بہتر ہوئیں لیکن مزید بہتری کی گنجائش ہے، مقامی لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی،
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ انٹرنیشنل میڈیا پر اپنے ملک کو بدنام کرنے کی سخت سزا ہونی چاہیے، حکومت پاکستان کی مؤثر پالیسیوں سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ امریکی صدر ہمارے فیلڈ مارشل سے ملاقات کو سعادت سمجھتا ہے۔