وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اب امن کی اپیلیں کرے گا نہ ہی اب احتجاجی مراسلے دیئے جائیں گے، دہشتگردی کا منبع جہاں بھی ہوگا، اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، افغانستان بھارت کی پراکسی بن گیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے 2021ء سے اب تک پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کا جائزہ پیش کردیا۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں خواجہ آصف نے پاکستانی صبر و تحمل اور سفارتی کوششوں کی تفصیل بھی بتادی،وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے پاک سرزمین پر بیٹھے تمام افغانیوں کو اپنے وطن جانا ہوگا، کابل میں ان کی اپنی حکومت اور اسلامی انقلاب آئے 5 سال ہوچکے ہیں، ہماری سر زمین اور وسائل 25 کروڑ پاکستانیوں کی ملکیت ہیں، 5 دہائیوں کی زبردستی کی مہمان نوازی کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، خود دار قومیں بیگانی سرزمین اور وسائل پر نہیں پلتیں، افغانستان کو پاکستان کے ساتھ ہمسایوں کی طرح رہنا ہوگا،پاکستانی کوششوں اور قربانیوں کے باوجود 5 سال میں مثبت ردعمل نہیں آیا، حالیہ جنگ بھارت افغانستان اور ٹی ٹی پی نے مل کر پاکستان پر مسلط کی، کابل کے حکمران اب بھارت کی گود میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف سازشیں کررہے ہیں، افغانستان بھارت کی پراکسی بن گیا، پاکستان ماضی کی طرح اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان اب امن کی اپیلیں کرے گا نہ ہی اب احتجاجی مراسلے دیئے جائیں گے، دہشتگردی کا منبع جہاں بھی ہوگا، اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

Shares: