گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)محکمہ زراعت (توسیع) تحصیل گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام موضع پیپناکھہ میں کسانوں کے لیے "زیادہ گندم اگاؤ اور سموگ کنٹرول” کے سلسلے میں ایک بڑا آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پرنسپل ایگریکلچر آفیسر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد اعظم مغل نے پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے ضروری ہے کہ کسان کھیتوں میں فصلوں کی باقیات کو جلانے سے اجتناب کریں، کیونکہ یہ عمل ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ زمین کی زرخیزی کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت کسانوں کو جدید زرعی مشینری اور آلات رعایتی نرخوں پر فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ فصلوں کی باقیات کو جدید طریقے سے تلف کر سکیں۔ گندم اگاؤ مہم کے حوالے سے محمد اعظم مغل نے بتایا کہ اس سال زیادہ پیداوار کے لیے تصدیق شدہ بیج، متوازن کھادوں کا استعمال اور بروقت آبپاشی نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ زراعت کی ٹیموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور جدید زرعی سفارشات پر عمل کر کے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (PWQCP) گوجرانوالہ غلام غوث نے اپنے خطاب میں کہا کہ سموگ کا خاتمہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، جس کے لیے عوام، ادارے اور کسانوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ زراعت کسانوں کے ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔ اس موقع پر زراعت آفیسر قلعہ دیدار سنگھ حافظ عنایت اللہ سمیت دیگر افسران اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔