سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد طلحہ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے "سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام” کے تحت ضلع سیالکوٹ کے دیہی علاقوں میں 4 ارب 85 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت وزیرِ مملکت برائے منصوبہ بندی چوہدری ارمغان سبحانی نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، چوہدری طارق سبحانی، چوہدری نوید اشرف اور رانا عبد الستار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات، ترجیحات اور عملدرآمد کے امور پر غور کیا گیا، جبکہ بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے دیہی آمد و رفت بہتر ہوگی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیرِ صدارت ماحولیاتی تحفظ اور اسموگ کے سدباب سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی یا کوئی ادارہ کوڑا کرکٹ یا فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائے، بصورتِ دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ایئر کوالٹی انڈیکس کی روزانہ مانیٹرنگ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی اور بلڈنگ میٹریل کی ترسیل کے دوران گردوغبار سے بچاؤ کی ہدایات بھی دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ زیرِ تعمیر عمارتوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ماحولیاتی آلودگی کم سے کم رہے۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز، سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات، انسپکٹر ماحولیات شاہد ڈوگر اور دیگر افسران شریک تھے۔
اسی دوران ورلڈ اسٹیٹسٹکس ڈے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جو ڈی سی آفس کمپلیکس سے کچہری چوک تک نکالی گئی۔ واک میں سٹیٹسٹکس آفیسر بتول فاطمہ، ملک امتیاز، محمد نیامت سمیت محکمہ شماریات کے افسران، ضلعی افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درست اور بروقت شماریاتی معلومات کے بغیر مؤثر منصوبہ بندی ممکن نہیں۔ حکومت پاکستان اعداد و شمار کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں اور سماجی اصلاحات کے لیے مستند ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی آگاہی مہمات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سیالکوٹ کو صاف، سرسبز اور ترقی یافتہ ضلع بنایا جا سکے۔