محکمہ پرائس کنٹرول نے ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ سپلائی میں تعطل اور موسمی حالات ہیں۔

ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں نے ٹماٹر کی فصل کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث منڈیوں میں عارضی قلت پیدا ہوگئی۔ترجمان نے بتایا کہ ٹماٹر کی درآمد میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوئیں، افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی آمد وقتی طور پر متاثر ہونے سے ملکی سپلائی چین دباؤ کا شکار ہوئی۔ اس تعطل نے منڈی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کر دیا۔محکمہ کے مطابق ٹرانسپورٹ کے مسائل اور موسمی تبدیلیوں نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنایا۔ تاہم ترجمان نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے، اور آئندہ ہفتے سے قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے کیونکہ سپلائی معمول پر آنے والی ہے۔ترجمان پرائس کنٹرول نے مزید بتایا کہ نومبر میں سندھ کی نئی فصل مارکیٹ میں آنے سے ٹماٹر کی دستیابی میں بہتری آئے گی، جبکہ پنجاب کی فصل اپریل اور مئی میں تیار ہو کر ملکی ضروریات کو پورا کرے گی۔

محکمہ پرائس کنٹرول نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے جھانسے میں نہ آئیں، حکومت مارکیٹ کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ٹماٹر نے شہریوں کے رنگ لال کردیئے ہیں ،ٹماٹر 700 روپے کلو فروخت ہونے لگاتو کہیں 500 روپے، لاہور میں ٹماٹر کا ریٹ پانچ سو روپے ہے، شہری ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافے سے پریشان ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ اس کی قیمت معمول پر لانےکے لیے اقدامات کیے جائیں۔

Shares: