سپریم کورٹ نے عوامی سہولت کیلئے نیا پورٹل لانچ کردیا۔ جدید پبلک فیسلیٹیشن پورٹل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی ہدایت پر تیار کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق پبلک پورٹل کا لنک سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں شہری عدالتی معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔نئے پورٹل پر کیسز کی معلومات اب نام، نمبر یا درخواست سے دستیاب ہوں گی، ہیلپ لائن 1818 پر سپریم کورٹ سے براہ راست رابطہ بھی ممکن ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق اکثر پوچھے جانیوالے سوالات سیکشن میں عدالتی اصطلاحات کی وضاحت موجود ہے، ایپلیکیشن اسٹیٹس کے سیکشن میں درخواستوں کی ریئل ٹائم نگرانی ہوسکے گی۔نئے پورٹل پر ابتدائی سماعت، التواء اور ویڈیو لنک درخواستوں کی پیشرفت بھی آن لائن دستیاب ہوگی، اوورسیز پاکستانی بھی اب آن لائن اپنے کیسز کی نگرانی کرسکیں گے۔











