ایشیا کپ کی ٹرافی کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے درمیان نیا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کو باضابطہ طور پر ایک خط لکھا ہے جس میں ایشیا کپ کی ٹرافی کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بی سی سی آئی کے خط کا جواب دیتے ہوئے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ "اگر بھارتی بورڈ کو ٹرافی چاہیے تو اس کے لیے ایک باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی، اور ٹرافی اسی تقریب میں دی جائے گی۔”اے سی سی نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ ٹرافی کی حوالگی کے لیے تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں منعقد کی جائے گی، جس میں بھارتی ٹیم یا نمائندے شرکت کر کے ٹرافی وصول کر سکتے ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ تقریب کی تاریخ اور مقام طے کر لیے گئے ہیں، اور اب فیصلہ بھارتی بورڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ شرکت کرے یا نہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے موقع پر بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود غیر معمولی رویہ اختیار کیا تھا۔ بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث تقریب ادھوری رہ گئی تھی۔بی سی سی آئی نے اس وقت اے سی سی کو تحریری طور پر مطلع کیا تھا کہ وہ ٹرافی موصول نہیں کرے گا، جس کے بعد انتظامیہ نے ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی تھی۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے پیچھے بھارتی حکومت اور مودی سرکار کے دباؤ کا بھی کردار بتایا جا رہا ہے، جس کے تحت بی سی سی آئی نے سیاسی بنیادوں پر یہ فیصلہ کیا۔ تاہم محسن نقوی نے بھارتی ہٹ دھرمی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تقریب جاری رکھی، رنر اپ ٹیم کو انعامات دیے اور بغیر ٹرافی دیے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
اے سی سی کے حالیہ فیصلے کے بعد اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی بھارتی ٹیم کو صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب وہ دبئی میں منعقدہ باضابطہ تقریب میں شرکت کرے گی۔








