قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارقنویدسندھو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے تحصیل راجہ جنگ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عام مارکیٹ، میونسپل کمیٹی، نادرا اور ریسکیو 1122 کے دفاتر کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے عام مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ریٹ لسٹوں کی دستیابی، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، ماحولیاتی آلودگی اور "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دوکانداروں کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء فراہم کی جائیں، بصورتِ دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عمران علی نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا اور دوکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر کاروبار کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے ذمہ داران کو صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

میونسپل کمیٹی، نادرا اور ریسکیو 1122 کے دفاتر کے دورے کے دوران انہوں نے سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں مزید متحرک ہو کر کام کریں اور صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔

Shares: