بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولنگر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 350 کلو بدبودار اور مضر صحت گوشت تلف کر دیا۔ کارروائی کے دوران فریزر سمیت بھاری مقدار میں سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔

یہ چھاپہ ہارون آباد روڈ پر واقع ایک نجی سلاٹر ہاؤس پر مارا گیا جہاں بیمار جانوروں کا گوشت فریزر میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ ناقص گوشت مختلف ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا، جو شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔

فوڈ اتھارٹی نے سلاٹر ہاؤس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں اور ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی فوری نشاندہی کریں اور 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی یہ کارروائی عوام کو مضر صحت گوشت سے بچانے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Shares: