گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت منعقدہ اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت رواں سال پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی جائیں گی۔ تیسرے مرحلے میں ضلع گوجرانوالہ کے 165 نوبیاہتا جوڑوں کی شادی کروائی گئی، جنہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی اور عروسی جوڑے تحفے میں دیے گئے۔

تقریب میں گوجرانوالہ سٹی کے 15، صدر کے 21، کامونکی کے 29، نوشہرہ ورکاں کے 46، وزیرآباد کے 54 اور 17 مسیحی جوڑے شامل تھے۔ اس موقع پر ممبران اسمبلی بلال فاروق تارڑ، وقار چیمہ، عدنان چٹھہ، قیصر اقبال سندھو، عمران خالد بٹ، عمر فاروق ڈار، محمد نواز چوہان، عمانوئل اطہر، مس سونیا عاشق، سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب جاوید اختر محمود، کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب دھی رانی پروگرام ایک تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے جس نے معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو تحائف اور اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے سلامی کی رقم بھی فراہم کی گئی۔ والدین اور نئے جوڑوں نے تقریب کے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: