وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) باضابطہ طور پر درخواست دے تو سابق وزیراعظم عمران خان کو بنی گالہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔

نجی ٹی وی پر سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی درخواست دے تو ہم عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کر دیتے ہیں، پھر وہ روز صبح شام ان سے ملاقاتیں کریں، باتیں کریں یا لڈو کھیلیں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا

وفاقی وزیر کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب تحریک انصاف کے رہنما بارہا عمران خان کی جیل میں قید کی سختیوں، ملاقاتوں پر پابندی اور صحت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اُنہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اُنہیں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں، اُن پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق مختلف مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں جن میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت دفعات شامل ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق طارق فضل چوہدری کا یہ بیان ایک سیاسی طنز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد پی ٹی آئی کے ان دعوؤں کو ہدف بنانا ہے جن میں عمران خان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی شکایات کی جا رہی ہیں۔ تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل میں وہ تمام سہولیات حاصل ہیں جو قانون کے تحت کسی بھی قیدی کو دی جا سکتی ہیں۔

Shares: