راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی اسکول کے استاد نے پانچویں جماعت کے طالب علم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے نے علاقے میں والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق واقعہ کلر سیداں کے ایک نجی اسکول میں پیش آیا، جہاں استاد نے مبینہ طور پر اس وقت طالب علم کو زد و کوب کیا جب وہ سبق یاد کرنے میں ناکام رہا۔ تشدد کے نتیجے میں بچے کے جسم پر واضح نیل اور زخموں کے نشانات دیکھے گئے۔متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ اسے صرف اس بات پر مارا گیا کہ وہ سبق یاد نہیں کر سکا۔ بچے کے والدین نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو اس قدر مارا گیا کہ وہ خوفزدہ اور ذہنی طور پر صدمے میں ہے۔

متاثرہ بچے کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور تشدد میں ملوث استاد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی اور بچے کے ساتھ ایسا ظلم نہ ہو۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کرنے والے استاد کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متعلقہ استاد کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا اختیار بچے کے والدین کے پاس ہے، اور وہ اگر چاہیں تو پولیس میں مقدمہ درج کر سکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں اور والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکولوں میں چائلڈ پروٹیکشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Shares: