ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ترقیاتی پروگراموں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع بھر میں نئے کالجز، ٹراما سنٹرز، جیمنیزیم، سڑکات، سیوریج سمیت بے شمار ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد، سابق ممبر صوبائی اسمبلی طارق باجوہ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف نے ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مہر کاشف پڈھیار نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے اور معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام شہروں میں نیا سیوریج سسٹم بچھانے اور بازاروں میں ٹف ٹائلز لگانے کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ممبر اسمبلی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے کہا کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بابا گورونانک یونیورسٹی، ڈسٹرکٹ جیل، پولیس لائن، ٹراما سنٹرز اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔ مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی فوری پوری کی جائے اور سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے اجلاس میں کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور دیگر رکاوٹوں سے متعلق معاملات براہِ راست ان کے پاس لائے جائیں تاکہ بروقت حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے ناقص یا ادھورا کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیکیورٹی رقوم بحقِ سرکار ضبط کی جائیں گی۔

ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور پولیس عوام کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔ ممبر اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا کہ "اب پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، ہم ننکانہ صاحب کو پنجاب کا ماڈل ضلع بنائیں گے۔”

Shares: