ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں سیلاب متاثرین کی بحالی پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے سیلاب سے متاثرہ بزرگ خاتون سے فلڈ بحالی کیمپ کا افتتاح کروایا۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی وصولی کے لیے بذریعہ ایس ایم ایس اور ٹیلی فون اطلاع دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کو گھروں سے کیمپ تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ فلڈ بحالی کیمپ میں امداد کی تقسیم کے لیے چار کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ٹوکن سسٹم کے تحت رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔
کیمپ میں متاثرین کے لیے کھانے پینے کے انتظامات، بیٹھنے کے لیے کرسیاں، پنکھے، عارضی واش رومز، انفارمیشن ڈیسک، شکایت سیل، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی کا آغاز ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ بینک آف پنجاب کے ذریعے روزانہ 500 متاثرین کو شفاف اور ڈیجیٹل نظام کے تحت رقوم کی ادائیگی یقینی بنا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مستقل معذوری پر 5 لاکھ روپے، معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے، پکا گھر مکمل گرنے پر 10 لاکھ روپے، جزوی نقصان پر 3 لاکھ روپے، جبکہ کچے گھر کے مکمل نقصان پر 5 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر 1.5 لاکھ روپے کی امداد دی جا رہی ہے۔ بڑے مویشی کے مرنے پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانور کے مرنے پر 50 ہزار روپے امداد مقرر کی گئی ہے۔ فصلوں کے 25 فیصد نقصان پر 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب کے دن قیامت خیز تھے، لوگ بے بسی سے اپنے گھر اور کھیت ڈوبتا دیکھتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے کئی ہفتے متاثرین کی خدمت پر مامور رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی محنت اور مربوط حکمتِ عملی کے باعث متاثرین کی جلد بحالی ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں اور اب تک 8500 سے زائد متاثرہ خاندانوں کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت نے سروے کی تکمیل سے پہلے ہی امداد کی تقسیم شروع کر دی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ جب تک آخری متاثرہ شخص کو امداد نہیں مل جاتی، کیمپ بند نہیں کیا جائے گا۔
ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عملی اقدامات کی بدولت صوبے بھر کے متاثرین کو بحالی کی رقوم کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنائیت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔








