ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹرشاہد خان)سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 78 دیہی رابطہ سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کے منصوبے منظور کر لیے گئے جن پر تین ارب روپے لاگت آئے گی۔ ان سکیموں کو حتمی منظوری کے لیے صوبائی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اراکینِ اسمبلی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی سردار صلاح الدین کھوسہ نے کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے افسران کو ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ امیر مسلم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم پی اے سردار اسامہ فیاض، اویس لغاری کے پولیٹیکل سیکرٹری سید ذوالقرنین حیدر شاہ، پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور، قدسیہ ناز، محمد شکیب سرور، تیمور عثمان، نذر حسین کورائی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں فاریسٹ رینج کی حدبراری، انسدادِ سموگ مہم میں بلاامتیاز کارروائیوں اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں معیاری صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں شفافیت اور رفتار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Shares: