سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر محمد جمال) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے خواتین کے تحفظ و خودمختاری کے عزم کے تحت سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی نگرانی میں خواتین کے لیے ایک منفرد اور جدید سہولت پِنک موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنس یونٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سہولت کا افتتاح گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہوا جہاں طالبات اور اساتذہ نے اس اقدام کو خواتین کی بااختیاری کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

ڈی ایس پی مدثر صدیق نے تقریب میں شرکاء کو موبائل یونٹ کی افادیت، خدمات اور دائرہ کار سے آگاہ کیا۔ جدید پِنک موبائل پولیس اسٹیشن میں خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس (لرنر، تجدید، ڈپلیکیٹ، انٹرنیشنل)، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، گاڑی کی تصدیق، گمشدگی رپورٹ اور پولیس خدمت مرکز کی 14 سے زائد دیگر خدمات موقع پر فراہم کی جائیں گی۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس خواتین کے تحفظ، خودمختاری اور باوقار سروس ڈیلیوری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز خواتین کو محفوظ، بااعتماد اور باسہولت پولیس خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں اس سروس کا کامیاب آغاز پنجاب پولیس کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ ہر شہری تک جدید، شفاف اور عوام دوست پولیس خدمات پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

Shares: