پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےا انسداد پولیو کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا.
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو کی جامع مہم کا آغاز کیا گیا، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی صحت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتی رہی ہے، پولیو کا خاتمہ صرف مہم نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے، پولیو کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز خصوصاً خواتین ویکسینیٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں،ہیلتھ ورکرز مشکلات کے باوجود ہمت اور جذبے کے ساتھ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتی ہیں، ہر بچے کے صحت مند زندگی کے حق کو یقینی بنانا ہمارا اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے، تمام پاکستانی پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں،آئیے مل کر ایک ایسا مستقبل تعمیر کریں جہاں کوئی بچہ پولیو کا شکار نہ ہو، ایک ایسا پاکستان جو مضبوط، صحت مند اور اُمید سے روشن ہو








