حماس سمیت اہم فلسطینی سیاسی جماعتوں نے جنگ کے بعد غزہ کے انتظامات ایک آزاد ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قاہرہ میں ہونے والے اجلاس کے بعد حماس کی ویب سائٹ پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تمام گروپوں نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کا انتظام ایک عارضی فلسطینی کمیٹی کو سونپا جائے گا جو ماہرین (ٹیکنوکریٹس) پر مشتمل ہوگی۔بیان میں کہا گیا کہ یہ کمیٹی عرب برادر ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے روزمرہ زندگی اور بنیادی خدمات کے امور کی نگرانی کرے گی۔مزید بتایا گیا کہ تمام فلسطینی دھڑوں نے متحدہ موقف اختیار کرنے پر اتفاق کیا تاکہ مسئلہ فلسطین کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں تمام فلسطینی قوتوں اور دھڑوں کا ایک وسیع اجلاس بلانے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ ایک قومی حکمتِ عملی پر اتفاق کیا جائے اور تنظیمِ آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کو بحال کیا جا سکے جو فلسطینی عوام کی واحد جائز نمائندہ تسلیم کی جاتی ہے۔خیال رہے کہ حماس پی ایل او کا حصہ نہیں ہے، جو طویل عرصے سے اس کی حریف جماعت الفتح کے زیرِ اثر ہے۔ذرائع کے مطابق، امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کے لیے حماس اور الفتح کے وفود نے قاہرہ میں ملاقات کی، جس میں طے پایا کہ آئندہ ملاقاتیں جاری رکھی جائیں گی اور اسرائیلی اقدامات کے مقابلے میں فلسطینی داخلی اتحاد کو مضبوط کیا جائے گا۔

اسی دوران مصر کے انٹیلی جنس سربراہ حسن رشاد نے بھی اہم فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جن میں اسلامی جہاد، ڈیموکریٹک فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین، اور پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے نمائندے شامل تھے۔واضح رہے کہ حماس اور الفتح کے درمیان 2006 کے انتخابات کے بعد سے گہری سیاسی رقابت موجود ہے، جو خانہ جنگی کی صورت اختیار کر گئی تھی اور فلسطینی اتحاد کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔دسمبر 2024 میں دونوں جماعتوں نے جنگ کے بعد غزہ کے انتظام کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا، تاہم الفتح کے بعض ارکان نے اس معاہدے پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔

حماس، جس نے 2007 میں غزہ کا کنٹرول سنبھالا تھا، پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ وہ جنگ کے بعد کے غزہ پر حکومت نہیں کرنا چاہتی، تاہم اس نے اپنے جنگجوؤں کو غیر مسلح کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے.

بھارت کا پاکستان کی سرحد کے قریب بڑی فوجی مشقوں کا اعلان

جنگ بندی کے بعد بھی پاک افغان بارڈر بند، دو طرفہ تجارت معطل

شان مسعود پی سی بی کے کنسلٹنٹ انٹرنیشل کرکٹ اینڈ پلیئرز افئیرز مقرر

Shares: