مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ خدمت و اتحاد کی سیاست سے ملک کا مستقبل روشن ہو گا، ملکی تمام مسائل کا حل باہمی اتفاق رائے سے طے کیا جانا چاہئے، دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر من وعن عمل ضروری ہے،غربت میں پسی عوام کو اسٹاک مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے دلچسپی نہیں،دو وقت کی روٹی کی فکر ہے،حکمران وعدے پورے نہیں کر سکتے تو اقتدار میں رہنے کا حق نہیں،سیلاب کے دوران خدمت کرنے والے رضاکاروں، صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی اور ملتان میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،خالد مسعود سندھو نے دورہ کراچی کے دوران وکلا سے ملاقات کی،وکلا برادری نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بطور نائب صدرکامیابی پر خالد مسعود سندھوکو مبارکباد پیش کی ،وکلا نے صدر مرکزی مسلم لیگ کو سندھی اجرک اور ٹوپی کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا،دورہ کراچی کے دوران مرکزی مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں خالد مسعود سندھو کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب اور سینئر صحافیوں کے ساتھ ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا،تقریب میں مرکزی ترجمان تابش قیوم، صوبائی صدر فیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے، مرکزی مسلم لیگ ملتان کے زیر اہتمام صحافی برادری کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیلاب کے دوران بہترین اور نمایاں کوریج کرنے والے صحافیوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں ،اس موقع پر صدر مرکزی مسلم لیگ پنجاب چوہدری محمد سرور، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری طہٰ منیب، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ملتان حافظ ابو الحسن، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری جنوبی پنجاب احمد اجمل اور انفارمیشن سیکرٹری ملتان رائے عبدالحسیب بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سطح پرسفارتی طور پر کامیابیاں حاصل کیں، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر خدمت کی سیاست کی جائے،تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی کو ایک مشترکہ قومی ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا تاکہ ملک ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے، دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ ملک میں امن و امان کی فضا مضبوط ہو اور عوام کا اعتماد بحال ہو.

Shares: