اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہر کے گلی کوچوں، بازاروں، تعلیمی اداروں کے اطراف حتیٰ کہ میونسپل کمیٹی کے قریب بھی آوارہ کتے ٹولیوں کی صورت میں دندناتے پھر رہے ہیں، جس سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ شام ڈھلنے کے بعد گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے لگے ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار شہری آوارہ کتوں کے حملوں یا اچانک دوڑنے سے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

شہریوں نے بتایا کہ تحصیل انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کو بارہا شکایات درج کروائی گئیں لیکن کوئی مؤثر کارروائی تاحال عمل میں نہیں لائی گئی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مہم نہ چلانا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے باہر آوارہ کتوں کی موجودگی بچوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہے اور کسی بھی وقت کوئی افسوسناک واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم شروع کی جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔

Shares: