سیالکوٹ (ڈسٹرکٹر رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کو سموگ سے پاک اور صحت مند شہر بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ وہ آج ڈی سی آفس سے نکالی گئی سموگ آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں انسدادِ سموگ سیل قائم کر دیا گیا ہے، جہاں شہری ماحولیاتی آلودگی سے متعلق شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1718 پر کسی بھی وقت کال کر سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہے گی۔
ڈی سی صبا اصغر علی نے کہا کہ سیالکوٹ کی فضاء کی ایئر کوالٹی مانیٹرنگ باقاعدگی سے کی جا رہی ہے اور حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری پر فرض ہے کہ وہ ماحولیاتی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے۔ فصلوں کے باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ عمل سموگ میں اضافے کا سبب بنتا ہے، اس پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری، بالخصوص گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر پودے لگانے کو فروغ دیا جائے تاکہ آلودگی کے اثرات کم ہوں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ تعمیراتی سامان، ریت اور مٹی سڑک کنارے جمع نہ کریں اور انہیں ڈھانپ کر رکھیں تاکہ فضا میں گردوغبار کم ہو اور سیوریج سسٹم متاثر نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کالا دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں، رکشوں، فیکٹریوں اور بھٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ سیالکوٹ میں سموگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
سموگ آگاہی واک میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس شاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنر صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور سی او ضلع کونسل فیصل شہزاد سمیت مختلف سرکاری و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔









