ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،بلاول سموں)سماجی ادارے پی پی ای ایف کے تعاون سے سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے بنیادی صحت مرکز گاڑھو کے سامنے تعمیر کی گئی جدید اور سہولیات سے آراستہ انتظار گاہ کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر و رکنِ قومی اسمبلی صادق علی میمن نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بھرانی، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی رحمان گل، سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے سی ای او جاوید سوز ہالائی، پروجیکٹ منیجر حمیرہ علی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی گاڑھو حاجی محمد صدیق خاصخیلی، چیئرمین گھوڑاباری محمد رمضان پھنور، رکن ضلع کونسل جہانگیر پالاری، اسسٹنٹ کمشنر گھوڑاباری فراز احمد عباسی، وائس چیئرمین گاڑھو غلام نبی میمن سمیت معزز شخصیات اور مقامی برادری کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے صادق علی میمن نے کہا کہ پی پی ای ایف اور سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی یہ کاوش عوامی فلاح و بہبود کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیح ہے تاکہ عوام کو علاج معالجے کے ساتھ انتظار کی معیاری سہولت بھی میسر ہو۔ صادق علی میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں میں سماجی اداروں کے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ اس سے سہولتوں میں اضافہ اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔

اس موقع پر سی ای او سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن جاوید سوز ہالائی نے بتایا کہ یہ منصوبہ مقامی آبادی کے لیے ایک سہولتی اقدام ہے جس کا مقصد مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ بعد ازاں ایم این اے صادق علی میمن نے انتظار گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، تعمیراتی معیار اور صفائی کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ادارے کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رہیں گے۔

Shares: