اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع شکرانی کے سیلاب متاثرین نے انتظامیہ کے بعض اہلکاروں پر مبینہ کرپشن اور جانبدارانہ رویے کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
متاثرین نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو جمع کرائی گئی تحریری درخواست میں الزام لگایا ہے کہ پٹواری حلقہ، محکمہ زراعت کے افسر اور پی ڈی ایم اے عملہ سروے کے دوران مالی مفادات کے عوض مخصوص افراد کے نقصانات درج کرتے رہے جبکہ حقیقی متاثرین کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جن افراد نے سروے ٹیموں کو رقم یا حصہ دیا، ان کے نقصانات مکمل درج کیے گئے جبکہ غریب اور مستحق متاثرین کے گھروں اور زمینوں کو فہرست سے خارج کر دیا گیا۔ اس مبینہ ناانصافی کے باعث علاقے میں شدید مایوسی اور انتظامیہ پر عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔
متاثرین نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے غیرجانبدار ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ اصل متاثرین کو ان کا حق اور سرکاری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
درخواست گزاروں میں محمد منیر خان ولد عبدالعزیز، محمد ارشد ولد عبدالمجید، مشتاق احمد ولد محمد ابراہیم، محمد امجد ولد محمد ارشد، محمد ساجد ولد عبدالعزیز، فاروق احمد ولد محمد اشرف خان، محمد حامد ولد عبدالعزیز، سلیم احمد ولد محمد باشر، محمد عمران ولد عابد حسین، عابد حسین ولد عبدالعزیز سمیت دیگر متاثرین شامل ہیں۔
متاثرین نے کہا کہ اگر ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے بروقت ایکشن لیا تو یہ اقدام نہ صرف متاثرہ عوام کو انصاف فراہم کرے گا بلکہ انتظامیہ کے وقار اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ کا باعث بنے گا۔









