اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر کی سربراہی میں موضع بکھری میں غیر قانونی آئل ایجنسی کے خلاف کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی تیل ذخیرہ کرنے والی ایجنسی کو موقع پر سیل کر دیا گیا جبکہ تمام مشینری، ڈرمز اور دیگر سامان ضبط کر کے سول ڈیفنس آفس کے حوالے کر دیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی واضح ہدایات کے مطابق تحصیل بھر میں غیر قانونی کاروبار، ذخیرہ اندوزی، مضر صحت اشیاء اور خطرناک سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی کو بھی غیر قانونی کاروبار یا خطرناک سرگرمی جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے انتظامیہ کے بروقت اور مؤثر ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے علاقے میں قانون کی بالادستی، امن و امان کی فضا اور عوامی تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے واضح کیا کہ آئندہ بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو محفوظ، منظم اور قانون پر مبنی ماحول فراہم کیا جا سکے۔











