لاہور: مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں ہونے والے آئندہ ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات و سینئر رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے تفصیلی مشاورت کے بعد امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 فیصل آباد سے بلال بدر چوہدری کو مسلم لیگ (ن) کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ این اے 104 سے راجہ دانیال ریاض پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اتریں گے۔ اسی طرح این اے 143 سے محمد طفیل جٹ کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدوار فائنل کر لیے ہیں۔ پی پی 203 سے محمد حنیف جٹ جبکہ پی پی 98 سے آزاد علی تبسم پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، اور پارٹی قیادت کو یقین ہے کہ عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ میرٹ، عوامی نمائندگی اور تنظیمی سفارشات کی بنیاد پر جاری کیے گئے ہیں، جبکہ باقی حلقوں کے لیے بھی جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے جاری کیے گئے امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے، اور پارٹی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متحد ہوکر ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں۔

Shares: