بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بہاولنگر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر (TTC) میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم خصوصی کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متاثرین میں امدادی رقم کے اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کیے اور امدادی عمل کی شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران سے ملاقات کی، جہاں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ترقیاتی منصوبوں، سیلاب متاثرین کی بحالی اور عوامی ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔








