اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت اوکاڑہ کے جناح اسٹیڈیم میں 155 بچیوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جب کہ ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، لیگی رہنما محمد اجمل، ضلعی انتظامیہ کے افسران، دیگر محکموں کے نمائندگان اور دلہنوں کے اہلِ خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے متوسط گھرانوں کی بچیوں کے لیے 2 لاکھ روپے مالیت کے سلامی کارڈز کا تحفہ دیا گیا۔ شادی شدہ جوڑوں اور ان کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس فلاحی اقدام پر اظہارِ تشکر کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں کیں۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھی رانی پروگرام نے پنجاب کی ہزاروں بیٹیوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق گراس روٹ لیول تک متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کو حکومتی ثمرات پہنچ رہے ہیں، اور اگلے سال دھی رانی پروگرام کے تحت مزید 5 ہزار اجتماعی شادیاں کروائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے، آج پنجاب کی ہزاروں بیٹیوں کی آنکھوں میں خوشیاں اور والدین کے دلوں میں شکرگزاری ہے۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی بیٹیوں کی شادیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت پنجاب تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ بحیثیت صوبائی وزیر، پنجاب کی بیٹیوں کی خدمت ان کے لیے روحانی اطمینان کا باعث ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماں ہونے کا حق ادا کرتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ واقعی پنجاب کی بیٹیوں کی محافظ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔








