سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے شبلی فراز کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی نشست پر الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے شبلی فراز کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی نشست پر الیکشن رکوانے سے متعلق درخواست پر سماعت کی،سماعت میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول معطل کیا جائے جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا جب آپ نےامیدوار نامزد کردیا تو پھرحکم امتناع کیوں مانگ رہےہیں، بعد ازاں عدالت نے الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا، پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ملتوی ہوئی تھی، آج سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو ڈائریکشن جاری کی گئی کہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کریں،ہم نے سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے درخواست بھی دی تھی مگر مجھے افسوس ہے کل سینیٹ کا الیکشن ہو رہا ہے، عدالت نے کہا ہم مزید پیچیدگیوں میں نہیں جانا چاہتے، امید ہے ہائیکورٹ میں کیس چلے گا تو ہمیں ریلیف ملے گا، الیکشن کمیشن کےپاس اختیار نہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیرکسی کو نااہل کرے۔
واضح رہے شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کل ہونا ہے جس کیلئے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔








