اوکاڑہ: نامہ نگار ملک ظفراولڈ بارنیز ایلومینائی لاجسٹک کمیٹی گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ کی عملی کاوشوں سے سینکڑوں طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی میں معاونت کے ساتھ کالج کے لیے نئی کرسیاں فراہم کی گئیں۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر نے اس فلاحی کام میں بھرپور تعاون کیا۔

پرنسپل آفس میں نئے جھنڈوں کی تنصیب سے ایگزیکٹو لک میں خوبصورت اضافہ ہوا، جو ارضِ وطن سے محبت اور علم دوستی کی دلکش مثال ہے۔ یہ اقدام نوجوانوں میں قومی وقار اور حب الوطنی کے جذبے کو تازہ کرتا ہے اور تعلیمی اداروں میں قوم پرستی و خدمت کا شعور اجاگر کرتا ہے۔

یہ کارنامہ اولمپین مظہر ساہی کی وطن دوستی اور روشن خیالی کا عملی ثبوت ہے، جنہوں نے مادرِ علمی کے لیے یہ خوبصورت تحفہ پیش کیا۔

پرنسپل پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے کہا کہ چوہدری فیاض ظفر، مظہر ساہی اور ایلومینائی کمیٹی کے اراکین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ یہ شخصیات ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر قوم کے تابناک مستقبل کے لیے سوچتی اور عمل کرتی ہیں، یہی اس سرزمین کے اصل ہیرو ہیں۔ چوہدری فیاض ظفر سماجی خدمت کی بہترین مثال ہیں جبکہ مظہر ساہی کی زندگی جدوجہد اور خدمت کا استعارہ ہے۔ وہ کل بھی سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے میدان میں تھے اور آج بھی نئی نسل کو عمل سے وطن کی خدمت کا پیغام دے رہے ہیں۔

صدر ایلومینائی ایسوسی ایشن پروفیسر عبدالروف نے کہا کہ چوہدری فیاض ظفر، تجزیہ نگار سلمان غنی، اولمپین مظہر ساہی، کالم نگار سلمان قریشی اور دیگر ساتھیوں کی کاوشوں سے ہم مقاصد کے حصول میں کامیاب ہیں۔ ان شاء اللہ یہ سفر اسی جذبے سے جاری رہے گا۔

Shares: