اوچ شریف( باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں نجی تعلیمی ادارہ "دی کنٹری سکول” میں افسوسناک واقعہ پیش آ گیا، جہاں تیسری جماعت کے 8 سالہ طالب علم کی آنکھ شدید زخمی ہو گئی اور اس کی بینائی متاثر ہو گئی۔ غصے میں والد نے سکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست پولیس کو جمع کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے محلہ بخاری کے رہائشی زمیندار مخدوم زادہ سید فرقان حیدر بخاری (ولد مخدوم سید باقر حسین بخاری) کے تین بیٹے اس سکول میں زیر تعلیم ہیں۔ 29 اکتوبر 2025 کو ان کا کمسن بیٹا سید محمد تقی علی کلاس تھری میں تدریس کے دوران موجود تھا کہ اچانک کسی طالب علم کی پنسل اس کی آنکھ میں لگ گئی۔

والد کے مطابق اس وقت کلاس میں ٹیچر موجود نہ تھی، جس کی وجہ سے بروقت طبی امداد نہ ملنے پر بچے کی حالت مزید بگڑ گئی۔ سکول کے ایک ملازم لطیف نامی شخص نے زخمی بچے کو گھر پہنچایا۔ جب والدین نے طبی معائنہ کرایا تو احمد پور شرقیہ کے سید لیزر آئی کلینک میں ڈاکٹر نے بتایا کہ بچے کی آنکھ کا لینز اور پردہ متاثر ہو چکا ہے اور مزید علاج کے لیے بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔

مخدوم زادہ سید فرقان حیدر بخاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار سکول کی پرنسپل میڈم گل زہرہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔ والد نے مؤقف اختیار کیا کہ سکول میں نظم و ضبط نہ ہونے اور تدریسی عملے کی غفلت کی وجہ سے اس افسوسناک واقعہ نے بچے کی زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔

انہوں نے تھانہ اوچ شریف کے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کے مالک اور پرنسپل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ دیگر بچوں کے ساتھ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے درخواست موصول کر لی ہے اور واقعہ کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ شہریوں نے بھی اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نجی سکولوں میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: