راولپنڈی میں سبزیاں بیچنے کے لیے گاڑی پر اسپیکر نصب کرنے والے ایک سبزی فروش کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ کارروائی تھانہ چونترہ کی حدود میں عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص گاڑی پر مختلف علاقوں میں گھوم پھر کر سبزیاں فروخت کر رہا تھا اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے اسپیکر کے ذریعے اونچی آواز میں آوازیں لگا رہا تھا۔ پولیس نے اس عمل کو ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق، سبزی فروش چونترہ کے ایک گاؤں میں گاڑی کے ذریعے سبزیاں فروخت کر رہا تھا، جس دوران وہ اسپیکر کے ذریعے مسلسل بلند آواز میں پکار رہا تھا۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ عوامی مقامات پر اونچی آواز میں اشتہار یا اعلانات کرنا قانوناً ممنوع ہے، پولیس ذرائع کے مطابق، قانون کی خلاف ورزی پر شہری کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ عوامی سکون اور شور کی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔
مقامی شہریوں کی جانب سے اس اقدام پر مخلوط ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ افراد نے کہا کہ پولیس کو ایسے چھوٹے تاجروں کے ساتھ نرمی برتنی چاہیے کیونکہ وہ روزی روٹی کے لیے محنت کر رہے ہیں، جبکہ دیگر شہریوں کا کہنا ہے کہ آبادی والے علاقوں میں اسپیکر کا استعمال شور اور تکلیف کا باعث بنتا ہے، اس لیے قانون پر عمل درآمد ضروری ہے۔








