چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، نے آج پشاور کا دورہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے ایک جرگے سے تفصیلی ملاقات کی اور بعد ازاں ہیڈکوارٹر 11 کور میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لیے جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ لی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عوام کے عزم، حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی غیر مشروط حمایت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ یکجہتی کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک، بشمول افغانستان، کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کئی سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، لیکن بدقسمتی سے افغان طالبان حکومت نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند ے خلاف کوئی فیصلہ کن کارروائی نہیں کی بلکہ ان کی مختلف طریقوں سے مدد کی۔

آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان، خصوصاً خیبر پختونخوا، کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کی کھلی اور حقیقت پر مبنی گفتگو کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی گمراہ کن سوچ کو قبائلی عوام نے ہمیشہ رد کیا ہے اور مستقبل میں بھی اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں پشاور پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔

Shares: