گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے رات گئے تھانہ صدر گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے تھانے کی مجموعی صورتحال پر گہرے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعدد خامیوں کی نشاندہی کی۔ لاک اپ میں ملزمان کی غیر معمولی تعداد کے باعث ہجوم اور بدنظمی کی کیفیت پائی گئی، جس پر چیئرپرسن نے ہدایت دی کہ زیرِ حراست افراد کی پراسیسنگ اور منتقلی میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے اور تمام کارروائی قانونی ضابطوں کے مطابق مکمل کی جائے۔

تھانے میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ عمارت کے مختلف حصوں میں مکڑی کے جالے، گردوغبار اور کوڑا کرکٹ واضح طور پر نظر آیا جبکہ واش رومز کی حالت غیر اطمینان بخش قرار دی گئی۔

دورے کے دوران ریکارڈ کی دیکھ بھال میں غفلت بھی سامنے آئی۔ روزنامچہ اور سرکاری رجسٹرز مکمل طور پر اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے تھے۔ مزید برآں، ڈیوٹی پر موجود بعض اہلکار بغیر وردی کے پائے گئے جبکہ کئی اہلکار ڈیوٹی کے اوقات میں تھانے سے غیر حاضر تھے، جس پر وضاحت طلب کی گئی کہ انہیں ریسٹ پر بتایا جا رہا ہے۔

بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے ایس ایچ او کو سختی سے ہدایت کی کہ تھانے کی صفائی، ریکارڈ کی درستگی، اور عمارت کی مرمت و دیکھ بھال کے کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔ تمام اہلکاروں کو وردی میں رہتے ہوئے نظم و ضبط کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کا پابند بنایا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر حاضر اہلکاروں کی لوکیشن اور مصروفیت کا ریکارڈ محرر اور ایس ایچ او کے پاس موجود ہونا لازمی ہے۔

چیئرپرسن نے اس موقع پر کہا کہ پولیس اسٹیشنز کی حالت بہتر بنانا عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے، شفافیت، اور بہتر نظم و نسق کے لیے تمام ذمہ داران کو اپنے فرائض ایمانداری، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ رویے کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے مزید زور دیا کہ ایف آئی آر کے اندراج کو آئی جی آفس کے مقررہ ٹائم فریم کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد پولیس کے ادارے پر بحال ہو اور قانون کی حکمرانی مضبوط بنیادوں پر قائم کی جا سکے۔

Shares: