اسلام آباد: سابق وزیرِاعظم اور عوامِ پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کے تفصیلی طبی معائنے کے بعد دل کی دو شریانوں میں اسٹنٹ ڈالے۔

شاہد خاقان عباسی کو اچانک سینے میں درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا۔ ابتدائی ٹیسٹوں اور ای سی جی کے بعد ڈاکٹروں نے فوری طور پر ان کی انجیوگرافی کی، جس کے دوران دو اسٹنٹ ڈالے گئے تاکہ دل میں خون کی روانی معمول پر لائی جا سکے۔اسپتال ذرائع کے مطابق، سابق وزیرِاعظم کی حالت اب مستحکم اور تسلی بخش ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے اور غیر ضروری ملاقاتوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو کچھ دنوں کے لیے زیرِنگرانی رکھا جائے گا تاکہ صحت میں بہتری کا مکمل یقین ہو سکے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر اپنے ردِعمل میں شاہد خاقان عباسی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ان کا کہنا تھا "برادرم شاہد خاقان عباسی دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ہم شاہد بھائی کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کے ساتھ دہائیوں پر محیط رفاقت رہی ہے۔ میں نے انہیں ہمیشہ پُرخلوص، نڈر، قابل اور مہذب شخصیت کے طور پر پایا۔ سیاسی اختلافات نے کبھی ذاتی تعلقات پر اثر نہیں ڈالا، اور ان شاءاللہ آئندہ بھی نہیں ڈالیں گے۔”

سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی شاہد خاقان عباسی کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، جب کہ عوامی سطح پر سوشل میڈیا پر ان کے حق میں دعا اور ہمدردی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

Shares: