لاہور میں ایم اے او کالج کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں بوتلوں سے بھرا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر رکشے پر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں رکشے میں سوار 4 افراد، جن میں 2 خواتین بھی شامل تھیں، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک ڈرائیور نے موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے باعث بھاری بھرکم ٹرک سیدھا سڑک کنارے چلتے رکشے پر جا گرا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق رکشے میں کل 8 افراد سوار تھے۔ حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ خوش قسمتی سے 2 کم عمر بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ حادثے کے باعث علاقے میں ٹریفک کا نظام کچھ دیر کے لیے معطل رہا، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔








