کراچی کے علاقے سائٹ ٹاؤن میں ایچ آئی وی وائرس کے مزید 14 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بچوں میں سے 2 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام بچے پٹھان کالونی، سائٹ ٹاؤن کے رہائشی ہیں۔ متاثرہ بچوں کو فوری طور پر علاج کے لیے مختلف اسپتالوں، جن میں سول اسپتال، انڈس اسپتال اور حیدرآباد کے ہیلتھ سینٹرز شامل ہیں، ریفر کیا گیا ہے۔میڈیکل حکام کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ بچوں میں وائرس کی منتقلی زیادہ تر غیر معیاری طبی آلات، سرنجز کے بار بار استعمال یا غیر محفوظ طریقۂ علاج کے باعث ہوئی ہے۔ بعض متاثرہ بچوں کے والدین میں بھی ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت نے علاقے میں ہنگامی میڈیکل ٹیمیں روانہ کر دی ہیں تاکہ مزید اسکریننگ کی جا سکے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ محکمے نے مقامی ڈاکٹروں اور کلینکس کی نگرانی سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد 4 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جب کہ صرف رواں سال کے دوران 2300 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ اعداد و شمار ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں، جو صوبے میں طبی نگرانی کے نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی تاکہ لوگوں کو محفوظ طریقۂ علاج، صاف سرنجز کے استعمال اور خون کی اسکریننگ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔

Shares: