قصور (طارق نوید سندھو سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ قصور اور پیرا فورس کی طرف سے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پیرا فورس نے کوٹ مراد خان قصور کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کیے گئے 20 کلو آٹے کے 400 تھیلے، 15 کلو آٹے کے 1850 تھیلے اور 10 کلو آٹے کے 600 تھیلے ضبط کر لیے اور گودام کو سیل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ گرانفروشی کی روک تھام کے لیے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس متحرک ہیں۔ شہر میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلا تعطل اور بلا تفریق جاری رکھی جائے گی۔ آٹے و گندم کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کہیں قلت نہ ہو۔








