کٹھمنڈو: شمال مشرقی نیپال میں ہمالیہ کی ایک بلند چوٹی پر پیش آنے والے المناک حادثے میں ایک غیر ملکی کوہ پیما سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ نیپال کے ہمالیائی علاقے کانچن جنگا کے قریب پیش آیا جہاں اچانک برفانی تودہ گرنے سے کوہ پیماؤں کا ایک گروپ اس کی زد میں آگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک فرانسیسی شہری اور دو نیپالی گائیڈ شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برفانی تودہ گرنے کے وقت کوہ پیماؤں کی ٹیم چوٹی کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اچانک تودہ ان پر آن گرا، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی تین افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثے میں 4 مقامی گائیڈ زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی گاؤں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی، اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مزید 4 غیر ملکی کوہ پیما دو اطالوی، ایک جرمن اور ایک کینیڈین حادثے کے بعد سے لاپتا ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے شدید موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود تلاش کا کام شروع کردیا ہے، تاہم حکام کو خدشہ ہے کہ ممکنہ طور پر وہ بھی برفانی تودے کی نذر ہوچکے ہیں۔نیپال کے محکمہ سیاحت کے مطابق حادثے کے مقام پر برفانی تودے کے بعد موسم مزید خراب ہوگیا ہے، جس سے امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، تلاش کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔یاد رہے کہ نیپال میں ہر سال درجنوں مقامی و غیر ملکی کوہ پیما ہمالیائی پہاڑوں کی بلندیوں کو سر کرنے کی کوشش میں شدید موسمی حالات اور برفانی تودوں کے باعث اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں۔

Shares: