بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی بدترین خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جہاں تعلیمی ماحول زبوں حالی کی تصویر بن گیا ہے۔ سکول کی عمارت جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے، چھتوں سے پلستر جھڑ رہا ہے اور کلاس رومز کی حالت نہایت ابتر ہو چکی ہے، جس سے بچوں کی تعلیم اور تحفظ دونوں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق سکول کے دروازے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ عمارت کے اندر نصب لوہے کو بعض عناصر نے نشی اتار کر فروخت کر دیا ہے۔ اس افسوسناک صورتحال نے سکول کی سیکیورٹی اور بچوں کی حفاظت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر سکول کی عمارت کی مرمت کروائیں، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر، یہ خستہ حال عمارت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔









